لاہور: قومی کرکٹ کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈکپ کا خواب آنکھوں میں سجالیا۔
کپتان بابر اعظم عالمی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون اور مسلسل 2 بار سال کے بہتر پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام درج کرواچکے ہیں۔
گزشتہ دنوں آئی سی سی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں نہ صرف عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے پْر عزم ہوں بلکہ ٹائٹل جیت کر عمران خان کی طرح تاریخ بھی رقم کرنا چاہتا ہوں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا
بابر اعظم نے کہا کہ میگا ایونٹ سے قبل ہمیں کافی ون ڈے میچز کھیلنے کو مل رہے ہیں،ممکنہ پلیئنگ الیون نظروں میں ہے مگر کسی بھی ہدف کی جانب اچانک نہیں بڑھ سکتے، ایک ایک کرکے قدم اٹھانا پڑے ہیں، اس کیلئے سخت محنت اور پلاننگ کی ضرورت ہوگی۔ مجھے پوری امید ہے کہ ورلڈکپ سے قبل میزبان ملک بھارت کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم ایسا متوازن اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے جو توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کرسکے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ٹائٹل جیتنے کیلئے مسلسل عمدہ پرفارم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، ہم اس کیلئے بھرپور تیاری کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں شروع ہونے والے ورلڈکپ سے قبل پاکستانی کرکٹرز پی ایس ایل میں وائٹ بال کرکٹ کھیلیں گے، گرین شرٹس کو اپریل، مئی میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں 5 ون ڈے میچز کھیلنے کا موقع ملے گا،افغانستان کیخلاف 3 ٹی ٹوئنٹی یواے ای میں ہوں گے۔
ستمبر میں ایشیا کپ بھی 50 اوورز فارمیٹ کا ہے جس میں تیاریوں کو جانچنے اور اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کا آخری موقع ہوگا۔