مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے شہر کمپالا میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا، جب ایک شخص نے پانچویں بار جڑواں بچوں کی پیدائش پر اپنی بیوی کو الوداع کہہ کر گھر چھوڑ دیا۔
مذکورہ واقعہ نالونگو گلوریا نامی خاتون کے ساتھ پیش آیا جس کا شوہر سالونگو اپنے نویں اور دسویں بچے کی پیدائش پر گھر ہی چھوڑ دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شوہر کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی غیر معمولی چیز ہے اور اب وہ مزید اپنی بیوی اور بچوں کی دیکھ بھال نہیں کر سکتا۔
دوسری جانب ان کی بیوی نیلانگو گلوریا نے بچوں کی ولادت کے لیے کبھی بھی ان وٹروفرٹیلائزیشن کا سہارا نہیں لیا جس کے باوجود اُن کے ہاں ہمیشہ ہی جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی اور اب حال ہی میں انہوں نے پانچویں مرتبہ نویں اور دسویں بچے کو جنم دیا ہے۔
نیلانگو گلوریا نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میرا شوہر مجھے کہاں بھیجے گا کیونکہ میں کمپالا اسی کے لیے آئی تھی۔ اس نے کئی بار کہا کہ اسے ایک حمل کے دوران ایک ہی بچہ درکار ہے۔ اب جب میں پانچویں بار ماں بنی ہوں تو اس نے کہا کہ وہ اسے برداشت نہیں کرسکتا اور مجھے گھر سے جانے کو کہا ہے۔ میرے شوہر نے مزید کہا ہے کہ وہ میرا اور بچوں کا مزید خیال نہیں رکھ سکتا۔
خاتون نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ وہ میرے بچوں کو پسند نہیں کرتا، لیکن میں اپنے بچوں کو نہیں چھوڑسکتی اور اب میں بہت تکلیف میں ہوں اور اپنا معاملہ خدا کے سپرد کرتی ہوں۔
واضح رہے کہ خاتون کے دو جڑواں بچے بڑے ہونے کے بعد گھر سے جاچکے ہیں جبکہ ایک جڑواں بچہ چند برس قبل چل بسا تھا۔