کراچی سے بکروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے میاں بیوی گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بکروں کو مصنوعی دانت
(فوٹو: ڈان نیوز)

کراچی سے بکروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے میاں بیوی کو پولیس نے  گرفتار کر لیا ہے۔نقلی دانتوں والے بکرے بھی ضبط کرلیے گئے۔ 

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ چورنگی پر خریداری کیلئے آنے والے شخص نے دانتوں کی جانچ کی تو دانتوں کو مصنوعی پایا، خریدار نے مصنوعی دانت نکال کر ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی تھی جس پر کراچی پولیس حرکت میں آگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے مطابق جانوروں کے دانت پورے کرنے کیلئے پلاسٹک کے دانت بنائے گئے تھے، سمن آباد تھانے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دانت لگا کر بکرے بیچنے والے میاں بیوی کو حراست میں لے لیا جبکہ 7 بکرے بھی تھانے بھیج دئیے گئے۔

اس حوالے سے کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ مصنوعی دانت لگا کر بکرے بیچنے کے حوالے سے کوئی مدعی شکایت لے کر  تھانے نہیں آیا، جانوروں کومصنوعی دانت لگا کر بیچنے اور ویڈیو سے متعلق اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی ہے تاہم بیوپاریوں نے اپنے جرم کا اعتراف نہیں کیا۔

زیر حراست بیوپاری میاں بیوی  نے دعویٰ کیا کہ وہ حیدرآباد سے جانور بیچنے کراچی آئے تھے، انہیں بکروں کے دانت مصنوعی ہونے کا علم نہیں تھا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف ایکشن لے لیا۔

Related Posts