پاکستان ریلویز کو 6 ماہ کے دوران کتنے ارب روپے کی آمدن ہوئی، حکام نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے۔
سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ کے مطابق پاکستان ریلویز نے 6 ماہ کے دوران 46 ارب روپے کما لیے۔ یہ آمدن پچھلے سال کے اسی دورانیے کی آمدن سے 5 ارب روپے زیادہ ہے۔
مجموعی آمدن میں شامل 24 ارب روپے پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں سے کمائے جبکہ مال گاڑیوں سے محکمہ ریلوے کو 16 ارب روپے کی آمدن ہوئی۔
جاری تفصیلات کے مطابق اسی طرح لینڈ، کوچنگ اور دیگر ذرائع سے محکمہ ریلوے کو 6 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا ہے۔
سی ای او ریلوے کے مطابق ریکارڈ آمدن ریلوے کی درست سمت کو ظاہر کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2025 ریلوے کے لیے تبدیلی کا سال ثابت ہو گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مارچ تک کراچی کے لیے نئی ٹرین چلانے کا وعدہ پورا کریں گے۔