پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاری رن وے 07ایل/25آر کی اپگریڈیشن کا عمل مئی 2025 کے اختتام تک 53 فیصد مکمل ہو چکا ہے جو کہ مقررہ ہدف 51 فیصد سے دو فیصد زیادہ ہے۔
یہ منصوبہ جولائی 2024 میں شروع کیا گیا تھا اور اس کی تکمیل جنوری 2026 تک متوقع ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق منصوبے پر کام مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور تعمیراتی رفتار برقرار رکھنے کے لیے ڈبل شفٹوں میں کام کیا جا رہا ہے۔
ایک اہم پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ جدید ایئر فیلڈ لائٹنگ (AFL) کا پہلا درآمد شدہ سامان منصوبے کی جگہ پہنچ چکا ہے، جو مستقبل میں نصب کیے جانے والے جدید نظام کی تیاری کا عندیہ دیتا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اس لائٹنگ سسٹم کی تنصیب کے لیے پاکستانی انجینئرز نے بیرون ملک خصوصی تربیت بھی حاصل کر لی ہے۔
یہ منصوبہ، جس پر تقریباً 8.3 ارب روپے کی لاگت آئے گی، کراچی ایئرپورٹ کو بین الاقوامی سطح پر جدید ہوائی اڈوں کے ہم پلہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ایئرپورٹ کی صلاحیت ICAO کی کیٹگری 4F تک پہنچ جائے گی، جس سے وسیع باڈی طیاروں اور جدید آپریشنز کی میزبانی ممکن ہو سکے گی۔
رن وے اپگریڈیشن میں 1,000 فٹ توسیع شامل ہے، جس کے بعد کل لمبائی 11,500 فٹ ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ دونوں سروں پر ٹیکسی ویز اور اووررنز کی دوبارہ تعمیر، اور 07ایل کے قریب چار ٹیکسی لنکس پر اسفالٹک اوورلے بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
منصوبے کے مکمل ہونے پر رن وے پر جدید ایل ای ڈی بیسڈ CAT-I لائٹنگ سسٹم نصب کیا جائے گا، جس میں رن وے سینٹرلائن لائٹس بھی شامل ہوں گی۔ اس سے نہ صرف پروازوں کی حفاظت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ اندرون و بیرون ملک ایئرلائنز کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ مزید پرکشش بن جائے گا۔