کترینہ کیف کی ہم شکل کہلانے والی فنکارہ زرین خان کو بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں بد ترین حالات کا سامنا کرنا پڑا جس کا ذکر زرین خان نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ کے دوران کیا ہے۔
پوڈ کاسٹ کے دوران اداکارہ زرین خان نے کہا کہ سلمان خان کے ہمراہ اپنے فلمی کیرئیر کی پہلی فلم ویر کرنے کے بعد مجھے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ویر میرے لیے ایک زندگی بدل دینے والی فلم ثابت ہوئی۔ میرا موازنہ کترینہ کیف کے ساتھ کیا جارہا تھا۔
بالی ووڈ فنکارہ زرین خان نے کہا کہ شروع میں مجھے بہت خوشی ہوئی کہ تقابل کترینہ کیف کے ساتھ ہے لیکن انڈسٹری میں معاملات خراب ہونا شروع ہوگئے۔ میرا وزن زیادہ تھا اور کترینہ کے ساتھ مقابلے نے میری ساکھ داؤ پر لگا دی۔ میں انڈسٹری میں ایک کھویا ہوا بچہ بن گئی، جس کا کوئی وارث نہیں ہوتا۔
اداکارہ زرین خان نے کہا کہ میرے اندر ہچکچاہٹ تھی۔ میں انڈسٹری کے زیادہ تر لوگوں کو نہیں جانتی تھی لیکن انہوں نے محسوس کرنا شروع کردیا کہ میں مغرور ہوں کیونکہ سلمان خان مجھے انڈسٹری میں لائے تھے۔ ایک بار تو میں نے سوچا کہ فلم انڈسٹری کو ہی چھوڑ دیتی ہوں۔
زرین خان نے کہا کہ مجھے اپنے گھر سے نکلنے سے بھی ڈر لگنے لگا تھا کہ لوگ کہیں میرے کپڑوں پر کوئی جملہ نہ کس دیں۔ اس طرح کترینہ کیف سے مقابلہ مشکل رہا۔ مجھے بہت سے نام دئیے گئے۔ فلم انڈسٹری کے لوگ مجھے ایک ناکام اداکارہ سمجھنے لگے تھے۔
انہوں نے کہا کہ رفتہ رفتہ میں نے ہمت کی اور انڈسٹری سے ملنے والے پراجیکٹس پر کام کرنے لگی۔ ریڈی میں آئٹم سانگ کیریکٹر ڈھیلا کیا ، تو اس کے بعد سے میرے متعلق انڈسٹری کے لوگوں کا رویہ تبدیل ہوگیا۔ میں کسی امیر گھرانے سے تعلق نہیں رکھتی، اور گھر کی واحد کفیل بھی ہوں۔