وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت حفظ القرآن الکریم مع تجوید کا صوبائی سطح کا مقابلہ 25 دسمبر کو جامعہ دارالعلوم کراچی میں ہوگا۔
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ڈویژنل سطح پر ہونے مقابلوں کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب صوبائی مقابلہ ہوگا،صوبہ سندھ میں پچیس (25) دسمبر بروز اتوار صبح نو بجے جامعہ دارالعلوم کراچی میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں منعقد ہوگا، جبکہ مہمان خصوصی ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری ہونگے۔
یہ بھی پڑھیں:
حکومت کا ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں 8 بجے بند کرنیکا فیصلہ
ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی کی نگرانی میں ہونے والے مقابلہ میں مرکزی کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی،وفاق المدارس کے مرکزی نائب صدور مولانا عبیداللہ خالد ومولانا سید سلیمان بنوری،مولانا قاری عبدالرشید، مولاناناصر محمود سومرو،مولانا عبدالوحید(ڈپٹی کنوینئر مسابقہ کمیٹی) مولانا راحت علی ہاشمی،مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید،مولانا قاری عبدالرشید،مولانا ناصر محمود سومرو،پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی (وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی) پروفیسر سعیدالدین ( چیئرمین انٹر بورڈ کراچی) پروفیسر شرف الدین ( چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی) سمیت سیکڑوں مدارس کے مہتممین و منتظمین ،مذھبی و سیاسی رھنما اور اعلی سرکاری شخصیات بھی شریک ہونگی۔
مولانا رحمانی نے مزید بتایا کہ یہ مسابقہ وفاق المدارس العربیہ کے تحت ڈویژنل سطح پر مسابقہ میں پوزیشن کے بعد صوبائی ابتدائی مرحلہ میں منتخب ٹاپ دس طلباء کے مابین ہوگا۔ اس میں پوزیشن حاصل کرنے والے ٹاپ تین طلباء قومی مسابقہ کیلئے منتخب ہونگے،پوزیشن حاصل کرنے والوں کو وفاق المدارس کی جانب سے گرانقدر نقد انعام اور اعزازی نشان (شیلڈ) سے نوازا جائے گا۔
مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ یہ مسابقہ ان شاءاللہ اپنی مثال آپ ہوگا،اس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں تمام انتظامات کو مکمل کرلیا گیا، تمام معزز مہمانان گرامی کو شرکت کی دعوتیں دیدی گئی ہیں، مسابقوں کیلئے منصفین کی ذمہ داریاں انجام دینے والوں کی تقرری بھی کردی گئی ہے۔