کراچی میں جان لیوا گرمی، ہیٹ اسٹروک سے درجنوں افراد جاں بحق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی میں جان لیوا گرمی سے شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، ہیٹ اسٹروک سے درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کے زائد تناسب کے باعث گرمی اپنی حقیقی سینٹی گریڈ مقدار کے مقابلے میں زیادہ محسوس ہوتی ہے اور حبس کے باعث دم گھٹنے سے بھی جانی نقصان کا خدشہ ہوسکتا ہے۔

گزشتہ ماہ 21 جون سے لے کر آج یکم جولائی تک کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہوگئی۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے آج انتقال کرجانے والوں کی تعداد 4 تھی جو عباسی شہید ہسپتال میں جاں بحق ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ نے انکشاف کیا ہے کہ عباسی شہید ہسپتال میں ہیٹ اسٹروک کے باعث سب سے زیادہ 23 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ سول ہسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 18 ہے۔ قطر ہسپتال میں بھی 3 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث انتقال کر گئے۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 5افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ ہیٹ اسٹروک کے باعث شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے اور بار بار پانی پینے سمیت دیگر حفاظتی احتیاطیں اپنانے کی ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔

Related Posts