افغانستان کی طالبان حکومت نے بگرام ایئر بیس امریکا کے حوالے کیے جانے کی خبروں پر وضاحت جاری کردی ہے۔
پاکستان کے سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت نے بگرام ایئر بیس ایک معاہدے کے تحت امریکا کے حوالے کر دیا ہے۔
ان افواہوں کے مطابق امریکا اس اڈے کو چین اور پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے استعمال کرے گا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید بھی دیکھنے میں آئی، تاہم اب افغانستان کی طالبان حکومت نے ان خبروں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے بارہا ان افواہوں کی تردید کی ہے۔ بگرام ایئر بیس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں سراسر جھوٹی ہیں۔ عوام کو ایسی جھوٹی خبروں پر کان نہیں دھرنا چاہیے۔”
واضح رہے کہ بگرام ایئر بیس ایک طویل عرصے تک افغانستان میں امریکی افواج کا مرکزی اڈا رہا ہے، تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ اڈا افغان حکومت کے کنٹرول میں آ گیا تھا۔