لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنما، سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز غیر ملکی ائیر لائن کے ذریعے برطانیہ سے قطر کے راستے لاہور پہنچے۔
نئی یو سیز کے نام پرعوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے، حافظ نعیم
حمزہ شہباز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائشگاہ کی طرف روانہ ہوئے۔ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر بھی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔
آج سے حمزہ شہباز ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔حمزہ شہباز عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب بھی پہنچے تھے۔
آج سے 3 ماہ قبل گزشتہ برس 14دسمبر کو حمزہ شہباز ذاتی مصروفیات کے باعث امریکا گئے اور ڈھائی ماہ قیام کے بعد مدینہ منورہ روانہ ہوگئے تھے۔ حمزہ شہباز سیاسی محاذ ایک بار پھر سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عدالت نے منی لانڈرنگ کے الزام کا سامنا کرنے والے وزیر اعظم کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔
آج سے 2 ماہ قبل احتساب عدالت لاہور نے وزیر اعظم اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران حمزہ شہباز کی حاضری سے معافی کی استدعا قبول کرلی۔