کراچی: سابق قائدِ حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ جب تک پکے کے ڈاکو نہیں پکڑے جاتے، کچے کے بھی نہیں پکڑے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ دئیے جانے کے موقعے پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نگران حکومت کو بھی مشکل میں ڈال گئی۔
راجہ پرویز اشرف کا پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین
گفتگو کے دوران سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ نگران حکومت ڈالر پکڑے تو چینی ہاتھ سے نکل جاتی ہے۔ سندھ اسمبلی کے فلور پر کہہ چکا ہوں کہ کچے کے ڈاکو بعد میں عذاب بن جائیں گے، میرے خلاف درج مقدمات سیاسی ہیں۔
سابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے پیپلز پارٹی کی سابق سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پکے کے ڈاکوؤں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا، کچے کے ڈاکو نہیں پکڑے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے حلیم عادل شیخ کو 9 مئی کے مقدمے میں ضمانت منظوری کے بعد عدالت کے باہر سے ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ آج انسدادِ دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
ایک دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر حلیم عادل شیخ کو سخت سکیورٹی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو کیس کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
بعدازاں عدالت نے حلیم عادل شیخ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جو انہیں لے کر تھانے کیلئے روانہ ہوگئی۔