کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کی صوبائی تنظیم کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
حلیم عادل نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سینٹرل سیکریٹریٹ کو لکھے گئے خط میں اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصروفیت کے سبب عہدے کی ذمہ داری پوری نہیں کرپائیں گے۔
حلیم عادل شیخ کے استعفے کی کاپی پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو بھجوا دی گئی ہے۔ دریں اثناء پی ٹی آئی سندھ کے نومنتخب عہدیداروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد علی جونیجو نے بھی پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ایک نوٹیفکیشن کے مطابق اللہ بخش انڑ، شکور شاد، طاہر شاہ اور حلیم عادل شیخ کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا۔ علی جونیجو، لال ملہی، آغا ارسلان، راجہ اظہر، گل ایم رند، اور سدرہ عمران کو نائب صدر مقرر کیا گیا۔
علی پلھ کو ایڈیشنل سیکرٹری جنرل،راجہ خان جکھرانی، ذوالفقار شاہ، اور ایڈوکیٹ لکپت بھیل ڈپٹی سیکرٹری جنرل، ارسلان تاج گھمن بطور انفارمیشن سیکرٹری، شوزب کپاڈیہ فنانس سیکرٹری کے طور پر، اور ارسلان مرزا کوایڈیشنل فنانس سیکرٹری کے طور پرمقرر مقرر کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے سندھ کے لیے عہدیداروں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ سکھر ڈویژن میں ڈاکٹر غلام علی عباس (پپو شاہ) کو صدر اور شاکر شاہ کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
لاڑکانہ ڈویژن میں غالی خان ڈومکی کو صدر اور آغا شمس کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ میرپورخاص میں سید ممتاز شاہ کو صدر اور اکبر پلی کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر عاصم کو تیسری بار چیئرمین سندھ HEC بنانے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر