اسلام آباد: حج 2026 کیلئے رجسٹریشن کروانے والے شہریوں سے اخراجات کی وصولی اگست کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حج کے خواہشمند افراد سے واجبات دو قسطوں میں وصول کیے جائیں گے جن میں سے پہلی قسط اگست میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے جس کی مالیت پانچ لاکھ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔
یہ ادائیگی صرف انہی افراد سے وصول کی جائے گی جنہوں نے حج 2026 کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی دستیاب کوٹے کے مطابق مطلوبہ تعداد میں ادائیگیاں جمع ہو جائیں گی حکومت اضافی وصولی کا عمل روک دے گی۔
حج واجبات کی وصولی صرف انہی بینکوں کے ذریعے ہوگی جو وزارتِ مذہبی امور سے مجاز ہوں گے۔
اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد پاکستانی شہری حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں جبکہ پاکستان کے لیے مجموعی حج کوٹہ 179210 مقرر ہے جس میں سرکاری و نجی دونوں اسکیمیں شامل ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر پاکستان نے سعودی حکام سے حج کوٹہ 230000 تک بڑھانے کی درخواست کر رکھی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے تصدیق کی ہے کہ حج 2025 کے دوران 18 پاکستانی عازمین سعودی عرب میں وفات پا گئے جن میں 10 مرد اور 8 خواتین شامل تھیں۔
وزارت کے ذرائع کے مطابق زیادہ تر اموات کی وجوہات دل کا دورہ اور دیگر طبی پیچیدگیاں تھیں، اور یہ افراد زیادہ عمر رسیدہ تھے۔ تمام جاں بحق افراد کو مدینہ منورہ کے جنت البقیع قبرستان میں دفن کیا گیا۔
یہ بات خوش آئند ہے کہ حج 2024 کے مقابلے میں اس سال اموات کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جہاں 35 پاکستانی حجاج جاں بحق ہوئے تھے۔
رواں برس کل 1673230 افراد نے حج میں شرکت کی، جن میں 1506576 بین الاقوامی حجاج 171 مختلف ممالک سے آئے جبکہ 166654 مقامی حجاج نے بھی فریضہ حج ادا کیا۔ اس سال صنفی توازن بھی نمایاں رہا، جہاں 877841 مرد اور 795389 خواتین نے حج کیا۔