اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی نے پورے پاکستان میں قیمتوں کو 10 روپے فی یونٹ سے نیچے لانے کے طویل المدتی ہدف کے ساتھ، بجلی کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی یونٹ کمی کے بڑے ہدف کا اعلان کیا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قیمتوں میں یہ کمی صنعتی ترقی کو فروغ دے گی اور صارفین بالخصوص متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرے گی۔
انہوں نے حکومت کی حالیہ کوششوں پر روشنی ڈالی، جس میں پرائیویٹ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ بات چیت، چین کے ساتھ قرضوں کی دوبارہ پروفائلنگ، اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدوں پر نظرثانی کرنا شامل تھا۔
اویس لغاری نے کہاکہ “ہم نے بجلی کے معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کرکے ملک کے 411 ارب روپے بچائے ہیں،” اویس لغاری نے مزید کہا کہ مستقبل کے پلانٹس کی صلاحیت اور پیداواری ضروریات کی بنیاد پر جانچ کی جائے گی۔
انہوں نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو 2025 تک اوور ہال کرنے کے منصوبوں کا بھی خاکہ پیش کیا اور اس شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے موسم سرما میں بجلی کے استعمال کے پروگرام کا ذکر کیا۔
وفاقی وزیر نے اس پیشرفت کو مشترکہ کوششوں سے منسوب کیا اور آرمی چیف اور دیگر اداروں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔