پنجاب بھر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سال 2025 کے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
پنجاب بورڈز کے جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دسویں جماعت کے نتائج 24 جولائی 2025 کو صبح 10 بجے جاری کیے جائیں گے۔
پوزیشن ہولڈرز کے نام ایک روز قبل 23 جولائی کو بورڈز کی جانب سے باضابطہ تقاریب اور آن لائن ذرائع کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔
نویں جماعت کے نتائج کا اعلان 20 اگست 2025 کو صبح 10 بجے کیا جائے گا۔ رواں سال پنجاب بھر سے پانچ لاکھ سے زائد طلبا و طالبات نے میٹرک کے امتحانات (نویں اور دسویں جماعت) میں شرکت کی، جو مارچ میں منعقد ہوئے تھے۔
پنجاب بورڈز کے جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق پرچوں کی جانچ پڑتال اور نتائج کی تیاری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
طلبہ اپنے نتائج متعلقہ تعلیمی بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر رول نمبر درج کر کے آن لائن چیک کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ایس ایم ایس سروس اور پرنٹ شدہ گزٹ کے ذریعے بھی نتائج حاصل کیے جا سکیں گے۔