لاہور: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے نوٹیفکیشن کو حتمی شکل دے دی ہے، یہ بات جمعرات کی شام ایک نجی ٹی وی چینل نے معتبر ذرائع کے حوالے سے بتائی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو آج گورنر پنجاب ڈی نوٹیفائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن گورنر پنجاب جاری کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ جمعرات کو گورنر ہاؤس میں منعقدہ پی ڈی ایم جماعتوں کے اجلاس میں کیا گیا۔
قبل ازیں جمعرات کو وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے بعد ‘آئینی طور پر’ پنجاب کے وزیر اعلیٰ نہیں رہے۔
19 دسمبر کو پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الٰہی کو کل شام 4 بجے تک اعتماد کا ووٹ لینے کو کہا تھا۔ تاہم، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر سبطین خان نے گورنر کے حکم کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہدایات ”آئین اور قواعد و ضوابط کے خلاف” ہیں۔
مزید پڑھیں:بغاوت پر اُکسانے کا الزام، شہباز گِل کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 23 دسمبر تک ملتوی کر دیا – اسی دن حکمران اتحاد پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔