حکومت کو اپوزیشن کی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں، وزیر اعظم عمران خان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم
معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت اور ترجمانوں کا اجلاس منعقد کیا گیا،وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں،فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر حکومتی حکمت عملی طے کی گئی اور اپوزیشن کی اعلان کردہ حکومت مخالف تحریک پر بھی مشاورت ہوئی جب کہ اپوزیشن کے احتجاج اور جلسوں کی جوابی حکمت عملی پر غور ہوا۔

اجلاس کے شرکا کو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی جب کہ حکومتی ترجمانوں کو پاور سیکٹر میں اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم عمران خان نے حکومتی موقف پر ترجمانوں کو اہم ہدایات دیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں، فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے، اپوزیشن کی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو فوج سے اس لئے مسئلہ ہے کہ وہ ان کی کرپشن پکڑ لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترجمان اور پارٹی رہنماء اپوزیشن کو ایکسپوز کرنے اور وفاقی وزرا کو متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم متحد ہو کر بھارتی سازش کو ناکام بنائے گی، فوج کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، حکومت اپنے اداروں کا دفاع کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بی جے پی حکومت پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے، نواز شریف اور بھارت پاکستانی اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف کے بیانات بھارتی ایجنڈے کے مطابق ہیں۔

نواز شریف اپنے بچوں کو لندن میں بٹھا کر عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں، قوم دیکھ رہی ہے نواز شریف کے بیانات پر پاکستان مخالف لوگ بغلیں بجا رہے ہیں۔نواز شریف کے بیانئے کے پیچھے بھارت کھڑا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوامی نہیں ذاتی ایجنڈے پر ہیں، اپوزیشن کو این آر او نہیں دیا جائے گا، اپوزیشن کو مسئلہ یہ ہے کہ انہیں ڈیل نہیں مل رہی جب کہ نوازشریف کو سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف آج کیوں باتیں یاد آرہی ہیں۔

Related Posts