بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Gold prices in Pakistan today-Monday March 3, 2025
FILE PHOTO

بین الاقوامی مارکیٹ میں منگل کے روز سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی کیونکہ سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا، میکسیکو اور چین پر نئے تجارتی محصولات کے نفاذ کے منتظر ہیں۔

اسپاٹ  گولڈ کی قیمت میں صفر اعشاریہ تین فیصد کمی ہوئی جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت دو ہزار آٹھ سو پچاسی اعشاریہ چالیس ڈالر رہی۔

اسی طرح امریکی سونے کے سودے دو ہزار آٹھ سو پچانوے اعشاریہ چالیس ڈالر فی اونس پر طے ہوئے، جو صفر اعشاریہ دو فیصد کم ہیں۔

مالیاتی تجزیہ کار کائل روڈا کے مطابق مارکیٹ میں حالیہ کمی ایک وسیع تر رجحان کا حصہ ہے اور قیمتوں میں مزید کمی کے بعد دو ہزار سات سو ڈالر کی حد تک پہنچنے کے امکانات موجود ہیں جس کے بعد سونے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی تجارتی تعلقات میں خرابی اور امریکی معیشت کی ممکنہ سست روی کے خدشات کے باعث ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کی وجہ سے سونے کی قیمت کو وقتی طور پر استحکام ملا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ میکسیکو اور کینیڈا سے درآمد شدہ اشیا پر پچیس فیصد محصول عائد کیا جائے گا جبکہ چین سے آنے والی اشیا پر محصول دگنا کر کے بیس فیصد کر دیا جائے گا۔ یہ اقدامات آج نافذ ہو جائیں گے جس کے باعث مالیاتی منڈیوں میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ دو اپریل سے ان ممالک پر بھی محصولات عائد کیے جائیں گے جو امریکی اشیا پر ڈیوٹی لگاتے ہیں۔ ان محصولات کو ماہرین مہنگائی میں اضافے کا سبب قرار دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں سرمایہ کار سونے کی خریداری کو محفوظ ذریعہ سمجھ رہے ہیں۔ اس سال اب تک سونے کی قیمت میں دس فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

مہنگائی میں اضافہ امریکی فیڈرل ریزرو کو شرح سود کو طویل مدت تک بلند رکھنے پر مجبور کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں سونے کی سرمایہ کاری کی کشش کم ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سرمایہ کار بدھ کے روز جاری ہونے والی اے ڈی پی ملازمتوں کی رپورٹ اور جمعہ کے روز جاری ہونے والی امریکی نان فارمنگ پے رول رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ فیڈرل ریزرو کی مستقبل کی پالیسی کے بارے میں مزید اشارے حاصل کر سکیں۔

جے پی مورگن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ سونے کی طویل المدتی قیمت کے حوالے سے مثبت توقعات رکھتے ہیں اور سال 2025 کی چوتھی سہ ماہی میں سونے کی قیمت تین ہزار ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں۔

چاندی کی قیمت میں صفر اعشاریہ چھ فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی فی اونس قیمت اکتیس اعشاریہ پانچ ڈالر رہی۔پلاٹینم کی قیمت میں صفر اعشاریہ تین فیصد کمی کے بعد نو سو پچاس اعشاریہ تریسٹھ ڈالر فی اونس رہی۔

Related Posts