جین وی کے دوسرے سیزن کا شاندار ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے جس میں دی بوائز کے کرداروں کی جھلکیاں اور گاڈولکن یونیورسٹی کے ماضی کے ایک چونکا دینے والے انکشاف نے مداحوں کے جوش کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔
یہ ٹریلر یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا جوکہ دی بوائز کے چوتھے سیزن کے بعد جین وی کے دوسرے سیزن کی راہ ہموار کرتا دکھائی دیتا ہے۔
ٹریلر کا آغاز ہوم لینڈر کے اقتدار کے سائے میں امریکی عوام کی زندگی کی عکاسی سے ہوتا ہے۔ گاڈولکن یونیورسٹی میں عجیب و غریب سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جہاں ڈین سائفر ایک ایسا نصاب پڑھا رہے ہیں جو طلبہ کو پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور بنانے کا وعدہ کرتا ہے۔ اس دوران کیٹ اور سیم کو ہیروز کے طور پر پذیرائی مل رہی ہے۔
ٹریلر میں سیریز کے تین مرکزی کرداروں کی واپسی کو دکھایا گیا ہے، جو مہینوں کے صدمات کے بعد دوبارہ میدان میں ہیں۔ یوٹیوب پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ ہزاروں سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تبصرے کیے اور اب تک 56,000 سے زیادہ لائیکس مل چکے ہیں، جو جین وی کی مقبولیت کی واضح دلیل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، نئے کردار ڈین سائفر کا دوستانہ انداز ایک تاریک راز کو چھپاتا دکھائی دیتا ہے، جو کہانی کو مزید پراسرار بناتا ہے۔ نیا سیزن 17 ستمبر کو تین ایپیسوڈز کے ساتھ پریمیئر کرے گا، جس کے بعد ہر بدھ کو نئی قسط ریلیز کی جائے گی۔