راولپنڈی: پاکستان کا غوری ویپن سسٹم کا تجربہ کامیاب ہوگیا، آئی ایس پی آر نے بیان جاری کردیا۔ صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کے علاوہ عسکری حکام نے بھی پاک فوج کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کا غوری ویپن سسٹم کا تجربہ کامیاب رہا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ تجربے کے دوران ویپن سسٹم کے تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
نگران حکومت کسی سیاسی جماعت کو آگ لگانے کا لائسنس نہیں دے سکتی۔وزیراعظم
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی اسٹرٹیجک فورس کمانڈ کے کمانڈر نے تجربے کا مشاہدہ کیا اور اس موقعے پر متعلقہ اداروں کے افسران، سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔کمانڈر نے فورس کی تربیتی اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ کمانڈر نے غوری ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی مبارکباد دی۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت نے بھی غوری ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور افسران کو مبارکباد دی۔ غوری ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔