شہرِ قائد میں سرکلر ریلوے کی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں جن میں ملوث چیئرمین ریلوے سوسائٹیز عبدالخالق فاروقی کا مبینہ فرنٹ مین گرفتار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ریلوے سوسائٹیز عبدالخالق فاروقی نے ریلوے الاٹیز کی جعلی فائلیں بنا رکھی ہیں جبکہ ریلوے ملازمین اور الاٹیز کو جعلی فائلز دکھا کر لاکھوں روپے بٹورے جاتے ہیں۔
باخبرذرائع کے مطابق ریلوے کے کئی پلاٹس پر جعلی فائلیں بنا کر قبضہ بھی کروایا جارہا ہے جبکہ فاروقی گروپ کا ریلوے کی زمینوں پر قبضہ کرنےوالا کارندہ آصف لانیاں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم کو عزیز بھٹی تھانے کی پولیس نے گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ آصف لانیاں سرکلر ریلوے لائن گلشن اقبال پر اپنے ساتھی محمود فاروقی کی مدد سے کئی کمرشل عمارات تعمیر کرچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف لانیاں جعلسازی کے ذریعے لوگوں کی رقوم ہڑپ کرنے کا ماہر ہے جسے ایم کیو ایم (لندن گروپ) کے حماد صدیقی کا دستِ راست کہا جاتا ہے۔
آصف لانیاں پر کراچی کے متعدد تھانوں میں پہلے ہی مقدمات درج ہیں۔ فاروقی گروپ میں کئی فراڈئیے، بلڈرز اور ایک پولیس آفیسر بھی شامل ہے۔
چیئرمین ریلوے سوسائٹیز عبدالخالق فاروقی نے اپنے چہیتے عزیز محمود فاروقی کو ایڈمنسٹریٹر ریلوے سوسائٹیز تعینات کردیا ہے جن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق سرکلر ریلوے کی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات سے چیئرمین ریلوے سوسائٹی عبدالخالق فاروقی کا فرنٹ مین مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کرتا ہے۔