کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں زہریلی چیز پینے سے چار خواتین کی حالت غیر ہوگئی۔ متاثرہ خواتین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ خواتین میں 24 سالہ رباب، 20 سالہ صبا، اور 18 سالہ رفعت کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ چوتھی خاتون کو بھی طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کا نتیجہ ہے جس کے باعث بہنوں نے گھر میں صفائی کے لیے استعمال ہونے والا بلیچ پی لیا تاہم، اصل صورتحال میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد واضح ہو سکے گی۔
پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ خودکشی کی کوشش تھی یا کوئی اور معاملہ اس کے پیچھے کارفرما ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے بھی متاثرہ خواتین کی طبی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔