واشنگٹن: کینیڈا میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث امریکی سول ایوی ایشن نے نیویارک کے لیے فضائی ٹریفک کو جزوی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپور ٹ کے مطابق کینیڈا میں جنگل میں لگنے والی شدید آگ کے بعد دھوئیں کے بادلوں نے شمال مشرقی امریکا اور مشرقی کینیڈا کے کچھ حصوں کو متاثر کیا ہے۔
فضا کوخاکی رنگ میں بدل دیا ہے جس کے بعد حکام نے کمزور اور بیمار رہائشیوں کو گھر کے اندر رہنے کے احکامات دیے ہیں۔
نیو یارک سٹی اور نیو انگلینڈ جیسے دور کے رہائشیوں نے کیوبیک میں سینکڑوں جنگل کی آگ کے اثرات کو محسوس کیا ہے۔ دھوئیں کی وجہ سے دور رہنے والے شہریوں کو بھی گلے میں تکلیف کی شکایت محسوس ہو رہی ہے۔
کینیڈا کے حکام نے شمالی صوبے کیوبیک کے سب سے بڑے شہر کو خالی کر دیا کیونکہ فائر فائٹرز نے صوبے کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں دور دراز کی آبادیوں میں قابو سے باہر آگ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔
مزید پڑھیں:افغانستان کی مسجد میں دھماکہ، 15افراد لقمہ اجل بن گئے
پراونشل فارسٹ فائر ایجنسی نے بتایا کہ جنگلات میں 150 سے زیادہ مقامات پرآگ جل رہی تھی، جن میں سے 110 جگہوں پر لگی آگ کو بے قابوقرار دیا جاتا ہے۔