کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں آگ لگنے کے باعث 60 سے زائد جھگیاں جل کر راکھ ہو گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گلشنِ اقبال کے علاقے شانتی نگر میں پیش آیا جہاں عزیز بھٹی پارک کے قریب بنائی گئی 60 سے زائد جھگیاں اچانک لگنے والی آگ سے جل کر راکھ ہو گئیں۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقعے پر پہنچ گئیں جس کے بعد آگ بجھانے کیلئے کوششیں تیز کردی گئیں۔ فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں ریسکیو آپریشن میں شریک ہوئیں۔
آپریشن کے دوران 2 گھنٹے کے اندر 60 جھگیوں کو لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔
جھلس کر زخمی ہونے والے 2 افراد کو قریبی سول ہسپتال میں داخل کرایا گیا جنہیں برنس وارڈ میں ابتدائی طبی امداد دی جائے گی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ آتشزدگی کی وجوہات معلوم ہوسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: چائنہ پورٹ پر آتشزدگی، فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے میں مصروف