بابوسر ٹاپ کے علاقے میں نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن اپنے شوہر اور 4 بچوں سمیت پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی ہیں۔ فیملی سیاحت کے لیے 21 جولائی کو بابوسر ٹاپ گئی تھی، جس کے بعد سے ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں اینکر شبانہ، ان کے شوہر لیاقت علی، اور بچے ایمل، ایمان سمیت دو دیگر شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اداروں نے تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے تلاش کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ سراغ رساں کتوں کو بھی شامل کرلیا ہے تاکہ لاپتہ افراد کا جلد سراغ لگایا جا سکے۔
حکام کے مطابق علاقے میں سخت جغرافیائی حالات کے باوجود سرچ آپریشن جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے بابوسر ٹاپ کے گرد و نواح میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث 7 سے 8 کلومیٹر کے علاقے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے نتیجے میں 14 سے 15 مقامات پر بڑے پیمانے پر راستے بند ہو گئے تھے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے سیاحوں کو چلاس سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیلابی ریلے میں 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک زخمی کو طبی امداد کے لیے آر ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔