سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کے چہرے کی شناخت کا استعمال محدود اور اب تک حاصل کی گئی معلومات ضائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک صارفین کی جانب سے نجی معلومات سے متعلق (پرائیویسی) شکایات کے باعث چہرہ شناخت کرنے کا نظام ختم کرکے کروڑوں افراد سے حاصل کی گئی معلومات ضائع کردے گی۔ ایف بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی آئندہ ہفتوں میں ہٹا دی جائے گی۔
فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم اپنی تمام مصنوعات میں فیس ریکوگنیشن کی معلومات آئندہ ہفتوں میں ہٹا دیں گے۔ سسٹم کو صارفین کی شناخت کیلئے استعمال کرتے ہوئے اپ لوڈ کی گئی تصاویر میں ٹیگنگ کیلئے سامنے لایا گیا تھا۔ فیس بک میں لوگوں کے چہروں سے متعلق معلومات جمع کی گئیں جو ضائع کی جائینگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک کے اقدام سے 1 ارب سے زائد صارفین کے چہرے کی شناخت کے انفرادی ٹیمپلٹس ضائع ہوجائیں گے۔ فیصلے کا مقصد چہرے کی شناخت کا استعمال محدود کرنا ہے۔ فیس بک کے 33فیصد سے زائد صارفین نے سسٹم استعمال کیا جنہیں دیگر لوگوں کی تصاویر میں پہچاننا آسان ہوگیا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ فیس بک کے چہرہ شناخت کرنے کے فیچر سے ان کی ذاتی معلومات منظرِ عام پر آنے کا خدشہ ہے جس پر فیس بک انتطامیہ نے سسٹم کو غیر فعال کرکے اب تک صارفین سے حاصل کی گئی معلومات حذف کرنے کا فیصلہ کیا جن میں چہروں کے خدوخال اور رنگت سے متعلق اعدادوشمار شامل ہیں۔