ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای)کے مشہور ریسلر اور ہال آف فیمر ہلک ہوگن کی صحت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں جھوٹ ثابت ہو گئیں۔
ہلک ہوگن کی نمائندہ ٹیم نے سختی سے کہا ہے کہ ہوگن موت کے بستر پر نہیں ہیں اور ان کی حالت اتنی خراب نہیں جتنا کہا جا رہا ہے۔
یہ افواہیں یوٹیوبر بوبا دی لوو سپنج نے پھیلائی تھیں جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہوگن شدید حالت میں اسپتال میں ہیں اور ان کے اہل خانہ کو ان سے الوداع کہنے کے لیے بلایا جا رہا ہے۔
بوبا نے اپنی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ “اگر آپ نے تھوڑا سا بھی تحقیق کی ہوتی تو آپ انہیں اپنے قریبی اسپتال میں تلاش کر سکتے تھے اور حالات اچھے نہیں ہیں۔ مجھے کل رات قابل اعتبار معلومات ملی ہیں کہ ان کے اہل خانہ کو فون کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ جلد از جلد آ کر الوداع کہہ سکیں۔
ہوگن کی نمائندہ ٹیم نے ان الزامات کو فوری طور پر مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔ اگرچہ ہوگن کو حال ہی میں گردن اور کمر کے مسائل کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن صورتحال اتنی سنگین نہیں جتنی کہ افواہوں میں بیان کی گئی ہے۔
71 سالہ ہلک ہوگن کو کئی سالوں سے ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کا سامنا ہے اور انہوں نے حال ہی میں گردن کا آپریشن کرایا ہے۔ نمائندے نے مزید بتایا کہ یہ آپریشن کامیاب رہا اور ہوگن اب صحت یابی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ ایسے آپریشنز ان کے لیے عام ہیں کیونکہ انہوں نے برسوں ریسلنگ کے دوران جسمانی مشکلات برداشت کی ہیں۔
ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری جین بولیا ہے، 1980 کی دہائی میں مشہور ہوئے اور گزشتہ چار دہائیوں سے پروفیشنل ریسلنگ کی دنیا میں ایک نمایاں شخصیت رہے ہیں۔ ان کی شخصیت بہت بڑی اور متاثر کن ہے، اور وہ حقیقت ٹی وی شو “Hogan Knows Best” میں بھی دکھائی دیے ہیں۔