صادق آباد سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ درجنوں بچوں کے گردے نکال لیے گئے تاہم تحقیقات سے یہ دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا۔
2 جون 2025 کو سابقہ ٹوئٹر (ایکس) پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کئی بچوں کو چارپائیوں پر لیٹے دکھایا گیا جن کے پیٹ پر پٹیاں بندھی تھیں۔ متعدد پوسٹس میں کہا گیا کہ ان بچوں کے گردے پتھری کے بہانے نکالے گئے ہیں۔
فیکٹ چیکنگ ٹیم نے ویڈیو کا بغور جائزہ اور ریورس امیج سرچ کیا تو معلوم ہوا کہ یہ مناظر توحید میڈیکل کمپلیکس صادق آباد کے ہیں، جہاں 28 بچوں پر مبینہ طور پر غلط تشخیص کے نتیجے میں غیر ضروری اپینڈکس کی سرجری کی گئی تھی۔
یہی مناظر ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں 31 مئی کو نشر کیے گئے تھے جس میں واضح کیا گیا تھا کہ گردے چوری کا کوئی ثبوت موجود نہیں، بلکہ یہ ایک طبی غفلت کا معاملہ ہے۔
تحقیقات کے بعد مذکورہ اسپتال کو سیل کر دیا گیا ہے اور کیس کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
وائرل وڈیو میں کیا جانے والا دعویٰ گمراہ کن ہے، یہ واقعہ گردے چوری کا نہیں بلکہ میڈیکل نیگلیجنس کا کیس ہے۔