سورج کا غصہ کم نہ ہوسکا، کراچی اور لاہور میں کتنی گرمی، آج بارش کہاں کہاں ہوگی؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Extreme heat wave continues in Karachi

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات بھی ہیں۔

ملک کے شمالی علاقہ جات بشمول گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 30 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد تک جا پہنچا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

میرپورخاص، تھرپارکر، بدین اور عمرکوٹ میں بھی شام کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خضدار، لسبیلہ اور آواران میں شام یا رات کے بعد بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی میں گرمی کا سلسلہ برقرار ہے اور آج شہر قائد میں پارہ 32 ڈگری کے قریب ریکارڈ کی جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عید کی تعطیلات کے دوران بھی کراچی میں گرم اور مرطوب موسم کی پیشگوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مئی سے شروع ہونے والا شدید گرمی کا سلسلہ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں بارش بھی ہورہی ہے تاہم گرمی کا زور ٹوٹ نہیں سکا۔

پنجاب ، بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں بارش متوقع ہے تاہم کراچی میں آنے والے چند روز میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

Related Posts