اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کل سنانے کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل دوپہر دو بجے سنائے گا، جس کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز کا اجراء بھی کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 7 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا، جواب میں کہا گیا تھا کہ یکم اگست 2018 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کو 58 تحائف دیے گئے۔
سابق وزیر اعظم کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق یہ تحائف زیادہ تر پھولوں کے گلدان، میز پوش، آرائشی سامان، دیوار کی آرائش کا سامان، چھوٹے قالین، بٹوے، پرفیوم، تسبیح، خطاطی، فریم، پیپر ویٹ اور پین ہولڈرز پر مشتمل تھے البتہ ان میں گھڑی، قلم، کفلنگز، انگوٹھی، بریسلیٹ/لاکٹس بھی شامل تھے۔
جواب کے مطابق ان سب تحائف میں صرف 14 چیزیں ایسی تھیں جن کی مالیت 30 ہزار روپے سے زائد تھی جسے انہوں نے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت رقم کی ادائیگی کر کے خرید لیا تھا۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکومت کو ’فری ہینڈ‘ دے دیا
سابق وزیر اعظم نے اپنے جواب میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم اپنے دور میں 4 تحائف فروخت کردیئے تھے۔