اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزراء اور اراکینِ سینیٹ کے کروڑوں کے اثاثے ظاہر کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹر تاج آفریدی 1 ارب 22 کروڑ کے اثاثوں کے ساتھ تمام سینیٹرز کے مقابلے میں امیر ترین ہیں جبکہ سینیٹر رضا ربانی کے پاس 62 لاکھ روپے مالیت کا گھر ہے جو انہوں نے اپنی اہلیہ کو تحفے میں دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر رضا ربانی کی اہلیہ کے پاس 238 تولے سونا موجود ہے، سابق وزیرِ داخلہ اور سینیٹر رحمان ملک لندن میں 13 لاکھ پاؤنڈز کی جائیداد کے مالک ہیں۔ سینیٹر اعظم سواتی کے اثاثوں کی مالیت 81 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
جماعتِ اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کے اثاثوں کی کل مالیت 28 لاکھ 58 ہزار روپے ہے۔وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم 39 کروڑ کے اثاثہ جات کے مالک ہیں۔ شبلی فراز کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ سے زائد ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید 1 کروڑ کے اثاثہ جات کے مالک ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ صآدق سنجرانی 10 کروڑ جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا 6 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ سب سے زیادہ اثاثے تاج آفریدی جبکہ سب سے کم سراج الحق کے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم کا مشیروں اور معاونین خصوصی کو اثاثے ظاہر کرنے کا حکم