کراچی: ہر پل جیو پر نشر ہونے والی سنسنی خیز ڈرامہ سیریل دایان کی 44ویں قسط 22 جولائی 2025 کو نشر کی گئی جس نے دیکھنے والوں کو ایک بار پھر اپنی جذباتی کہانی اور طاقتور اداکاری سے اپنی گرفت میں لے لیا۔ اس قسط کو اب تک 23 لاکھ سے زائد ناظرین دیکھ چکے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی ایک ایسی لڑکی نیہال کے گرد گھومتی ہے جو زندگی کی تلخ حقیقتوں سے نبرد آزما ہو کر انصاف کے حصول کے لیے کھڑی ہوتی ہے۔
ڈرامے کے مصنفین فاطمہ فیضان اور عنبر اظہر نے ایسی کہانی تخلیق کی ہے جو نہ صرف ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی ہے بلکہ ناظرین کو حقیقت سے قریب تر حالات کی عکاسی بھی پیش کرتی ہے۔
اس قسط میں نیہال ماضی کے ظالم کرداروں کا سامنا کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم دکھائی دیتی ہے۔ مہوش حیات نے نیہال کا کردار نبھاتے ہوئے ایک درد سے لبریز مگر مضبوط عورت کی تصویر پیش کی ہے۔
ان کے ساتھ احسن خان نے زوار شاہ کی منفی شخصیت کو نہایت خوبی سے نبھایا ہے جبکہ حرا مانی، عثمان پیرزادہ، نیئراعجاز، زینب قیوم، سہیل سمیراور دیگر اداکاروں نے بھی اپنے اپنے کرداروں میں جان ڈال دی ہے۔
اس قسط کے بعد سوشل میڈیا پر ناظرین کی بڑی تعداد نے نیہال کے کردار کو سراہا۔ نیہال کی زندگی میں پیدا ہونے والا نیا موڑ یہ سوال چھوڑ گیا ہے کہ کیا وہ اپنے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچا سکے گی؟ یا پھر زندگی کی تلخیاں اس کے سفر کو مزید دشوار بنا دیں گی؟