پاکستانی اداکار احمد حسن نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی کا ایک ایسا پہلو شیئر کیا ہے جس پر سوشل میڈیا پر خوب بحث چھڑ گئی ہے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ وہ روز رات سونے سے پہلے اپنی اہلیہ نوشین احمد کے پاؤں دباتے ہیں جس سے نہ صرف ان کی بیوی کو سکون ملتا ہے بلکہ انہیں خود برکت محسوس ہوتی ہے۔
ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن نے کہا کہ یہ میرا روز کا معمول ہے کہ میں بیوی کے پاؤں دباتا ہوں تاکہ وہ آرام سے سو سکے اور مجھے اس سے سکون اور روحانی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود کو ایک فرمانبردار شوہر سمجھتے ہیں اور اپنی بیوی نوشین سے ہنستے ہوئے اس بات کی گواہی بھی لی۔ اس پر نوشین احمد نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ظاہر ہے وہ ایسا کریں گے آخر وہ میرے شوہر ہیں۔
اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں رائے تقسیم ہو گئی۔ مرد صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اسے حد سے زیادہ فرمانبرداری قرار دیا اور کہا کہ ایسے ذاتی لمحات کو ٹی وی پر شیئر کرنا غیر ضروری ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ بیوی کا ساتھ دینا اچھی بات ہے لیکن پاؤں دبانے کی تفصیلات ٹی وی پر بتانا عجیب ہے جبکہ خواتین صارفین نے اس تعلق کو محبت اور احترام کی خوبصورت مثال قرار دیا۔ کئی خواتین نے کہا کہ اگر میاں بیوی میں ایسا باہمی اعتماد اور خیال ہو تو شادی واقعی خوشگوار ہو جاتی ہے۔
واضح رہے کہ احمد حسن اور نوشین احمد کا تعلق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے ہے۔ دونوں کی ملاقات ایک ڈرامے کے سیٹ پر ہوئی تھی جو بعدازاں شادی میں بدل گئی۔ اب یہ جوڑا گزشتہ 12 سال سے ایک خوشگوار زندگی گزار رہا ہے۔