ڈرامہ سیریل دو کنارے کی 38ویں قسط، جو 22 جولائی 2025 کو گرین ٹی وی انٹرٹینمنٹ پر نشر ہوئی اور ناظرین کے دلوں پر چھا گئی۔
یہ کہانی ایک ایسے بڑے بھائی ولید کی ہے جو نہ صرف اپنے سوتیلے بہن بھائیوں سے بے پناہ محبت کرتا ہے بلکہ خود سانس کی بیماری کا بھی شکار ہے۔
وہ اپنی بیماری کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی فیملی کو جوڑے رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا ہے لیکن اس کی زندگی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب وہ ایک حسین مگر لالچی عورت در شہوارسے شادی کرتا ہے جس کا اصل مقصد اس کی دولت پر قبضہ اور اس کے خاندان کو توڑنا ہوتا ہے۔
اس قسط میں انسانی سازشوں، رشتوں کی آزمائش اور قدرت کی مداخلت کو نہایت گہرائی اور سنجیدگی سے پیش کیا گیا ہے۔
ڈرامے نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا کہ انسان جو بھی منصوبے بناتا ہے، اس پر اللہ کی منصوبہ بندی غالب ہوتی ہے۔ وفاداری، دھوکہ اور انصاف کی اس کہانی نے ناظرین کو جذباتی طور پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
ڈرامے کی تحریر ریحانہ آفتاب نے کی ہے جبکہ ہدایتکاری کے فرائض سید فیصل بخاری نے انجام دیے ہیں۔ یہ سیریل ملٹی ورس انٹرٹینمنٹ کی پیشکش ہے۔
یوٹیوب پر اس قسط کو اب تک 26 لاکھ سے زائد ناظرین دیکھ چکے ہیں جبکہ 37 ہزار سے زیادہ لوگوں نے اسے پسندیدگی کا اظہار دیتے ہوئے لائک کیا ہے۔
دو کنارے نہ صرف ایک عام خاندانی کہانی ہے بلکہ یہ ایک سماجی آئینہ بھی ہے جو رشتوں کی قدر، لالچ کا انجام، اور قدرت کے انصاف کو خوبصورتی سے بیان کرتا ہے۔