اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے افغانستان میں پاکستان کی جانب سے فضائی کارروائی کیے جانے کی رپورٹس کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نےاپنے بیان میں افغانستا ن کے صوبہ ننگرہار میں پاکستان کی جانب سے فضائی کارروائی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیرگردش رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹس مکمل طور پر بے بنیاد اور بدنیتی پرمبنی ہیں۔
قبل ازیں رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے صوبے ننگرہار میں فضائی کارروائی کی ہے۔
افغانستان کے مقامی اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان نے جمعرات کو صبح ضلع گشتہ کے علاقے میں سلالہ کے قریب اہداف پر بمباری کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
پاکستان کی جانب سے کارروائی کی رپورٹس ایک ایسے وقت میں سامنے آئیں جب پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور ان کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی اور ان کے بارے میں خیال ہے کہ وہ افغانستان میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
کالعدم ٹی ٹی پی نے گزشتہ برس 100 سے زائد حملے کیے تھے، جن میں سے اکثر اگست کے بعد ہوئے جب کالعدم تنظیم نے حکومت پاکستان سے امن مذاکرات ختم کردیا۔
اس کے بعد 28 نومبر کو کالعدم ٹی ٹی پی نے سیز فائر ختم کرتے ہوئے حملوں کا اعلان کیا تھا۔