کراچی : شہر قائد میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے ملک کے سب سے بڑے شہر،بزنس حب اور پاکستان کے تمام صوبوں کو وسائل مہیا کرنے والے شہر کرا چی کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیااور غریب ومتوسط طبقے سمیت ایلیٹ کلاس بھی خوفزدہ ، ڈیفنس کے گھروں سے تاحال پانی نہیں نکالا جاسکا، شہری گھروں میں محصور ہیں۔
شہر بھر کی سڑکوں پرگڑھے پڑ چکے ہیں ،تمام ہی علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوچکا ہے یہی نہیں بلکہ بلندوبالا عمارتوں میں رہائش پذیر افراد بھی بارش اور سیوریج کے پانی سے محروم نہ رہ سکے۔
بارش کے کئی اسپیل نے کراچی کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ کچی وپکی بستیوں کے مکینوں سمیت شہر کے سب سے بڑے پوش علاقوں ڈیفنس، کلفٹن،پی ای سی ایچ ایس،بحریہ ٹاؤن،نیا ناظم آباد کے رہائشی بھی اپنی املاک کو تباہ ہوتے دیکھتے رہے۔
ڈیفنس جہاں تاجر،صنعتکار،سرمایہ کار،وزراء،سیاستدان،بیوروکریٹس کی رہائش گاہیں ہیں وہاں کے لوگ بھی بارش کا پانی اپنے گھروں میں داخل ہونے کے بعدبے بسی کی تصویر بنے دکھائی دیئے۔
ڈیفنس سوسائٹی کے خیابان نشاط،خیابان بخاری،خیابان ہلال،خیابان شجاعت، خیابان بدر،خیابان محافظ،خیابان شہباز سب سے زیادہ متاثر ہیں اسی طرح ڈیفنس فیز2اورفیز4میں بھی گھروں میں پانی داخل ہے جسے ابھی تک نہیں نکالا جاسکا ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون کا نیا سلسلہ، سندھ اور بلوچستان میں بارشیں آج سے شروع ہوں گی