مہمند میں سنگِ مرمر کی کان بیٹھنے کے حادثے کے بعد 5 مزید لاشیں نکال لی گئیں جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں گزشتہ روز پیش آیا جب سنگِ مر مر کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 12 مزدور اسی روز جاں بحق ہو گئے۔
آج سنگِ مر مر کی کان بیٹھنے کے واقعے میں مزید 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی جس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے جنہیں ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔
ملبے سے 9 زخمی افراد کو بھی نکال لیا گیا۔ مزید افراد کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے جس کے دوران جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت سے 5 ایمبولینسز ریسکیو کیلئے بھیج دی گئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں مہمند کے علاقے صافی میں سنگِ مر مر کی کان بیٹھنے کے حادثے کا سن کر افسردہ ہوں۔
پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دُعا کی۔ واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
مہمند کے علاقے صافی میں سنگ مرمر کی کان بیٹھنے کےحادثے کا سن کر افسردہ ہوں۔جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔ملبے میں دبےدیگر افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اللہ تعالی سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ pic.twitter.com/NEHJ1ol58D
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) September 8, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل تحصیل صافی میں سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے 12 مزدور جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او مہمند نے کہا کہ صافی ایک دور افتادہ علاقہ ہے۔
ڈی پی او مہمند طارق حمید نےگزشتہ روز کہا کہ دُور افتادہ علاقے سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبنے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا،ریسکیو کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: مہمند میں سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے 12 مزدور جاں بحق