لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی تاریخ پر ڈیڈ لاک پایا جاتا ہے۔ اپوزیشن کی اب تک کی ملاقاتیں اور مذاکرات بے سود ثابت ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ایک اور ملاقات ہوئی جس میں اپوزیشن رہنما وفاقی حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کی حتمی تاریخ تک نہ پہنچ سکے۔
تحریکِ عدم اعتماد پرتیاری مکمل ہے،آصف زرداری کی فضل الرحمان کویقین دہانی
بلاول ہاؤس لاہور میں ہونے والی سابق صدر آصف زرداری اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔ پی پی پی کے شریک چیئرمین کی دعوت پر گزشتہ روز ن لیگ کے صدر وفد کے ہمراہ بلاول ہاؤس پہنچے تھے۔
سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہباز شریف اور ن لیگی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ جمعیت علمائے اسلام کو بھی عشائیے کیلئے دعوت دی گئی تھی۔ اپوزیشن رہنماؤں کے مابین تحریکِ عدم اعتماد پر فیصلہ کن اقدام پر مشاورت ہوئی۔
پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جمعیت علمائے اسلام سمیت اپوزیشن جماعتوں نے تحریکِ عدم اعتماد کا حتمی فیصلہ کرنے کیلئے آج ایک بار پھر ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن رہنما متفق ہیں کہ حکومت کو گھر بھیج کر ہی عوام کو ظلم سے بچایاجاسکتا ہے۔