قندھار: طالبان اور افغان فورسز کی جھڑپ میں خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے صحافی دانش صدیقی فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رائٹرز کے صحافی دانش صدیقی افغان صوبے قندھار کے ضلع اسپن بولدک میں افغان طالبان اور سرکاری فوج کے مابین جھڑپ کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے صحافی دانش صدیقی پلٹزر ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی فوٹو گرافر تھے۔ رائٹرز کے صدر مائیکل فرائیڈنبرگ نے اسپن بولدک میں افغان حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
ایڈیٹر انچیف اور صدر رائٹرز کے مطابق دانش صدیقی صحافت کے میدان میں بہترین انداز سے اپنے فرائض نبھا رہے تھے جو ایک خاوند، والد اور اچھے ساتھی کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔
دہلی میں دانش صدیقی جامعہ ملیہ اسلامیہ سے معاشیات میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کرکے 2007 میں ماس کمیونیکیشن کی ڈگری بھی لے چکے تھے۔ انہوں نے ٹی وی نمائندہ کے طور پر صحافت شروع کی۔
جلد ہی دانش صدیقی نے فوٹو جرنلزم کی طرف توجہ دینا شروع کردی اور 2010 میں انٹرن کے طور پر رائٹرز سے وابستہ ہوئے۔ صحافی برادری کا کہنا ہے کہ دانش صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دانش صدیقی کی وفات کے حوالے سے ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ رائٹرز انڈیا کے چیف فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی قندھار کے علاقے سپن بولدک میں جاں بحق ہوئے جو کئی روز سے اس علاقے میں افغان فوج کے ساتھ موجود تھے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سرحد سے لگنے والے سپن بولدک ضلع اور چمن بارڈر کراسنگ پر طالبان پہلے ہی قبضہ کرچکے ہیں۔
بریکنگ نیوز
رائٹرز بھارت کے چیف فوٹوجرنلسٹ دانش صدیقی قندھار کے علاقے سپن بولدک میں مارے گئے۔ بھارتی صحافی کئی دنوں سے سپن بولدک میں افغان فوج کے ساتھ موجود تھے۔
پاکستان کی سرحد سے لگنے والے سپن بولدک ضلع اور چمن بارڈر کراسنگ پر طالبان نے قبضہ کر لیا تھا pic.twitter.com/F2gjzvXCkP— ترکیہ اردو (@TurkiyeUrdu_) July 16, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل افغانستان میں طالبان نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی، جبکہ 2 روز کے دوران 300 سے زائد افغان مہاجرین وسط ایشیائی ملک تاجکستان میں داخل ہو گئے۔
پاکستان کا ہمسایہ ملک افغانستان شدید خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، افغان حکومت اور طالبان کے مابین وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔ تاجکستان کے سرحدی محافظین کا 2 روز قبل کہنا تھا کہ مہاجرین نے اپنی جانیں بچانے کیلئے سرحد پار کی۔
مزید پڑھیں: طالبان کی پیش قدمی جاری، 300سے زائد افغان مہاجرین تاجکستان پہنچ گئے