کراچی: کسٹم حکام نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چھ کروڑ سے زائد مالیت کی 2 گاڑیوں کو ضبط کرلیا ہے۔ دوسری جانب کراچی پولیس نے گذشتہ ہفتے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 792 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے طارق روڈ اور عزیزآباد سے 2 گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔ قبضے میں لی گئی گاڑیوں میں لیکسز اور سگنیس شامل ہیں، تاہم دونوں کارروائیوں میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر قائد میں جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 792 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائیاں کراچی ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ ذونز میں کی گئی ہیں۔ انسداد منشیات مہم کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 109 کلو 409 گرام چرس اور 211 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 140 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور 04 دستی بم تحویل میں لے لئے گئے۔
شہر میں انسداد جرائم کے دوران ملزمان سے پولیس کے 04 مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور 7 ڈاکوؤں کو ذخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 03 چھینی و چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور 08 پستول برآمد ہوئے ہیں ، جنہیں فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔
اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کراچی نے سنگین جرائم میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات تحویل میں لے لی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں : اے وی ایل سی کی کارروائی، موٹرسائیکل لفٹر گینگ کے 2 ملزمان گرفتار