مقبوضہ کشمیر میں طویل کرفیو انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سندھ میں کورونا سے مزید 11 افراد انتقال کرگئے تعداد 4 ہزار835 ہو گئی، وزیراعلیٰ سندھ
سندھ میں کورونا سے مزید 11 افراد انتقال کرگئے تعداد 4 ہزار835 ہو گئی، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں تاریخ کا طویل ترین کرفیو نافذ کیا ہے جو انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور یہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کے ضمیر کو جگانے کیلئے کافی ہے۔

یہ بات انہوں نے کمشنر کراچی کے زیر اہتمام پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کی قیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کو دبانے کیلئے وادی کشمیر کے لوگوں کے تاریخی حقوق سے انکار کرتے ہوئے نہ صرف اپنے آئین میں ترمیم کی ہے بلکہ وادی کشمیر کو ایک ایسی جگہ بنا دیا ہے جہاں لوگوں کی حالت زار کا مشاہدہ کرنے کیلئے کسی بھی شخص کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں دنیا کا سب سے طویل ترین کرفیو نافذ کیا ہوا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لئے کانفرنسز، واک اور سیمینار کرنے چاہئے لیکن ہمیں سفارتی فورمز پر بھی کچھ ٹھوس کوششیں کرنا ہوں گی۔

تاکہ بھارت کشمیر کی حیثیت بحال کرے اور وادی کشمیر سے کرفیو اٹھانے اور انسانی حقوق اور میڈیا کو وہاں جانے کی اجازت دینے پر مجبور کیا جاسکے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے رائے شماری کا فیصلہ کیا گیا تھا اس پر عمل درآمد کروانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

سید مراد علی شاہ نے کشمیر کو بین الاقوامی مسئلہ بنانے کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کاوشوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام گزشتہ حکومتوں نے سنجیدہ پالیسیوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا لیکن موجودہ حکومت اس راہ پر عمل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ہمیں کشمیر کے ایک نکتہ پر اکٹھا ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارتی حکومت کے چنگل سے آزاد کروانا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وادی کشمیر میں جاری مظالم علاقائی امن کے لئے خطرہ ہیں۔

اگر عالمی برادری خطے میں امن چاہتی ہے تو اسے کشمیر میں مودی سرکار کے جرائم کا نوٹس لینا ہوگا اور اسے وادی کشمیر سے بھارتی پولیس اور مسلح افواج کے انخلا کے ذریعہ کشمیریوں کے حقوق کی بحالی پر مجبور کرنا ہوگا۔

مراد علی شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستانی عوام ان کے ساتھ ہیں اور ان کے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کریں گے۔

Related Posts