پشاور : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ہفتہ کو کہا کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کی خلاف ورزی یا توڑ پھوڑ کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔
آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ قابلیت، کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے کور کے افسران سے بھی خطاب کیا اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم امن و استحکام کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس عمل کو خراب کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی“۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کو پامال کرنے یا توڑ پھوڑ کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی اور 9 مئی کے یوم سیاہ پر تمام منصوبہ سازوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں، اکسانے والوں اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا ہے۔
آرمی چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لیے بدنیتی سے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری، فساد پھیلانا ہے، رانا ثنا اللہ
انہوں نے عہد کیا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے ایسی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے اُن کا استقبال کیا۔