محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے کالعدم تنظیم کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے دستی بم اور خطرناک اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور کے علاقے دھرم پورہ میں کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن میں رضوان، عبدالقیوم اور عارف شامل ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے آئی ای ڈی، دستی بم اور خطرناک اسلحہ برآمد ہوا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جنہیں خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اسپین وام میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک دہشتگرد ہلاک
قبل ازیں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ 3 جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
آج سے 2 روز قبل کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لورالائی، کوہار ڈیم میں چھاپہ مار آپریشن کیا جس کے دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 7 دہشت گرد ہلاک، 3 فرار