قومی کرکٹر اعظم خان نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی جسمانی تبدیلی کی وائرل تصویر پر خاموشی توڑتے ہوئے حقیقت بیان کر دی ہے۔
اعظم خان کی تصویر دیکھ کر شائقین حیرت زدہ رہ گئے تھے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ انہوں نے صرف دو ماہ میں 69 کلوگرام وزن کم کر لیا۔ مداحوں نے ان کی کاوش کو خوب سراہا لیکن کچھ صارفین نے تصویر کی صداقت پر شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا۔
اعظم خان نے اس تصویر کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کام جاری ہے، لیکن یہ تصویر 2020 کی ہے۔ یوں انہوں نے واضح کر دیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر حالیہ نہیں بلکہ پرانی ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اعظم خان پہلے بھی فٹنس بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ 2021 میں یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ انہوں نے قومی معیار پر پورا اترنے کے لیے تقریباً 30 کلو وزن کم کیا تھا۔
ایک سابقہ انٹرویو میں اعظم خان نے کہا تھا کہ وہ اپنے جسمانی خدوخال مکمل طور پر تو نہیں بدل سکتے، لیکن ان کی پوری توجہ فٹنس برقرار رکھنے اور کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔