کراچی: سی ویو پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن مشکلات کا شکار ہوگیا، جہاز کو نکالنے والی کرین شپ خود ریت میں پھنس گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے آپریشن میں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔ سمندر کے مزاج کو مدنظر رکھتے ہوئے کرین شپ جہاز کے قریب پہنچائی گئی جو لہروں کا مقابلہ نہیں کرپائی۔
آپریشن شروع کرنے کیلئے لائی گئی کرین شپ بحری جہاز کو نکالنے کی بجائے خود ریت میں پھنس چکی ہے۔ توازن سنبھالنے کیلئے باندھے گئے جوڑ اور رسیاں ہوا کے دباؤ سے ٹوٹ کر الگ ہو گئیں۔
گزشتہ شب پھنسے ہوئے بحری جہاز کو نکالنے کیلئے لائی گئی کرین کو نکالنے کی بھرپور کوششیں بھی کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ ٹگ بوٹس نے بھی سمندری لہروں کے دباؤ کے باعث کام نہیں کیا۔
سمندری لہروں کے باعث ٹگ بوٹس جہاز کے نزدیک نہ آسکیں۔ حکام کے مطابق آپریشن کے دوران سمندر میں ہوا کا دباؤ 35 ناٹ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سمندری لہروں کی بلندی 4 فٹ رہی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلند لہریں بننے کی صورت میں کرین کو آج نکالنے کی کوشش کریں گے تاہم اگر طغیانی کی صورت میں آج کچھ نہ ہوسکا تو پھر آپریشن شروع کرنے کیلئے 1 ہفتے کا وقت درکار ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق آج سی ویو پر پھنسے جہاز کے کنڈوں پر رسی اور زنجیریں باندھی جائیں گی، جہاز کو گھسیٹ کر کے پی ٹی کے چینل پر لے جایا جائے گا۔ بد قسمت جہاز کو پہلے ہی حکومت تحویل میں لے چکی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے سی ویو پر پھنسا ہوا بحری جہاز ناکارہ قرار دے کر تحویل میں لے لیا، وزارتِ بحری امور نے کپتان کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی کی زیرِ قیادت وزارت نے سی ویو پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کے کپتان کو تحریری طور پر جہاز کے ناکارہ ہونے سے متعلق آگاہ کردیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے پھنسا ہوا بحری جہاز ناکارہ قرار دے کر تحویل میں لے لیا