بھارتی اداکارہ اور سماجی کارکن سومی علی نے سوشل میڈیا پر ایک دھماکہ خیز بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے معروف اداکار آدتیہ پنچولی اور ان کے بیٹے سورج پنچولی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
سومی علی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اداکار آدتیہ پنچولی کو گھٹیا انسان قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ خواتین کو دھوکہ دیتے ہیں، انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ ان کے بیٹے سورج پر اداکارہ جیا خان کی موت کی ذمہ داری عائد کی ہے۔
سومی علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آدتیہ پنچولی تم خواتین کو دھوکہ دیتے ہو، انہیں مارتے ہو اور تمہارا بیٹا جیا خان کی موت کا ذمہ دار ہے۔ تم کچرا ہو، تم خود کے ساتھ کیسے جیتے ہو؟ سورج کو بھی وہی پرانی گھٹیا حرکتیں سکھا رہے ہو؟
یاد رہے کہ جون 2013 میں نوجوان اداکارہ جیا خان اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ ابتدائی طور پر یہ خودکشی قرار دی گئی تھی تاہم ان کے قریبی تعلقات سورج پنچولی کے ساتھ تھے اور جیا کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ سورج نے جیا کو خودکشی پر مجبور کیا۔
یہ کیس تقریباً 10 سال تک عدالتوں میں زیرِ سماعت رہا اور بالآخر سال 2023 میں سورج پنچولی کو بری کر دیا گیا۔
سومی علی نے اپنے بیان میں اداکارہ تنوشری دتہ کی بھی حمایت کی جنہوں نے پہلے بھی بالی ووڈ انڈسٹری میں ہراسانی، زہر دینے کی کوشش اور ذہنی اذیت کے الزامات عائد کیے تھے۔
سومی علی نے کہا کہ میں تنوشری کی باتوں پر یقین کرتی ہوں کیونکہ میں خود بھی ایسے واقعات سے گزر چکی ہوں۔ میں جانتی ہوں کہ انڈسٹری کے پردے کے پیچھے کیا کچھ چھپا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بعض میڈیا اداروں نے تنوشری کا مذاق اڑایا اور ان کی ذہنی حالت پر سوال اٹھائے مگر بہت کم لوگوں نے سنجیدگی سے غور کیا کہ اگر یہ سب کچھ سچ ہوا تو کیا ہوگا؟
سومی علی نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میں بھی ایک وقت میں اسی انڈسٹری کا حصہ تھی۔ میں نے دیکھا کہ خواتین کو آڈیشن کے نام پر غیر اخلاقی پیشکشیں کی جاتی تھیں۔ جو انکار کرتی تھیں انہیں سائیڈ لائن کر دیا جاتا تھا۔ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کئی باہمت خواتین ان ہتھکنڈوں کا شکار ہو کر ٹوٹ گئیں۔