اسلام آباد:سینیٹر رحمان ملک نے بیرونی قرضوں کو فورس میجیور کے تحت معاف کرانے کیلئے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی، اس موقع پر سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ حکومت بیرونی قرضوں کی معافی کیلئے فورس میجیور کے تحت درخواست کو سینیٹ میں زیر بحث لائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور یوایس ایڈ سے قرضے معاف کروائے جا سکتے ہیں۔فورس میجیور واضح قانون ہے کہ کورونا جیسی وبا و دیگر قدرتی آفات میں قرضے معاف کئے جاسکتے ہیں۔
فورس میجیور قانون آئی ایم ایف، ورلڈ بنک، یو ایس ایڈ و دیگر کے قوانین کا حصہ ہے، کورونا وائرس نے ہماری معیشت کا پہیہ مکمل طور پر جام کردیا ہے۔
انہوں نے کہ کہا کوروناوائرس کی وجہ سے ریونیو اور ترسیلات زر میں بے تحاشا کمی آئی ہے، موجودہ حالات میں پاکستان بیرونی قرضے نہیں ادا کرسکتا ہے۔
حکومت آئی ایم ایف و دیگر قرض دہندگان سے فورس میجیور کے تحت قرضے معاف کروانے کی استدعا کرے، وزیراعظم کو خط بھی لکھ چکا ہوں کہ فورس میجیور کے تحت قرضے معاف کروائیں۔