لاہور: پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت جو شہری اپنی پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک بائیک میں تبدیل کریں گے انہیں 1 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
یہ اعلان سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو موٹر سائیکل سوار پیٹرول کی جگہ الیکٹرک بائیک اپنائیں گے، انہیں یہ مالی ترغیب گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت دی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے تقریب میں حکومت کی نئی جنگلاتی پالیسی کا بھی اعلان کیا جس کے تحت شہری اور صنعتیں پارکوں اور جنگلات کو گود لے سکتی ہیں تاکہ کاربن فٹ پرنٹ میں کمی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری کرنے والے افراد کو بھی ماحولیاتی محکمے کے گرین کارڈ پروگرام کے تحت مالی انعامات دیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے عوام پر زور دیا کہ وہ سرکاری ویب سائٹhttps://greencredit.punjab.gov.pkپر وزٹ کریں اور اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں حکومت اس اقدام کو تیزی سے فروغ دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی طرف راغب ہوں۔
صوبائی وزیرِ نے مزید بتایا کہ حکومت شہریوں کو ایل ای ڈی لائٹس کے استعمال پر بھی کاربن گرین کریڈٹ حاصل کرنے کی ترغیب دے رہی ہے تاکہ توانائی کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم وزیراعلیٰ کے وژن کا مرکزی حصہ ہے، جس کا مقصد پنجاب میں شہری جنگلات کی افزائش اور سبز احاطے میں اضافہ کرنا ہے۔