کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا بھر کے 190 سے زائد ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ائیر کنڈیشنر کا مسلسل استعمال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ہارورڈ یونیورسٹی میڈیکل اسکول کے پروفیسر ایڈورڈ نارڈیل نے کہا کہ آج کل کورونا وائرس کے زیادہ کیسز وہاں ہوتے ہیں جہاں ائیر کنڈیشنر مسلسل استعمال کیا جائے۔ کھانسنے اور چھینکنے سے ہوا میں پھیلنے والے ذرات کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس ہوا سے بھی جسم میں منتقل ہوسکتا ہے۔
پروفیسر ایڈورڈ نارڈیل نے کہا کہ وہ کمرے بند رکھے جاتے ہیں جہاں ائیر کنڈیشنر موجود ہو۔ اگر ایسے کمرے میں کورونا کا کوئی مریض کھانسے یا چھینکے تو اس کی وائرس زدہ بوندیں جذب ہونے سے قبل ہوا میں معلق رہیں گی جو انفیکشن کو مزید پھیلنے میں مدد دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ گرمی کے باعث سب لوگ ائیر کنڈیشنر کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے میں ہوا کا ایک جھونکا بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو خطرناک رخ دے سکتا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ ائیر کنڈیشنر کا بلا ضرورت استعمال ترک کردیں۔ ائیر کنڈیشنر اور کمروں کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بھی اہم ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا، ہاتھوں کو بار بار دھونا اور سماجی فاصلہ ضروری ہے۔ ائیر کنڈیشنر کیلئے لوگ تمام اصول بھول جاتے ہیں جس کے باعث کورونا وائرس پہلے سے زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔