بلوچستان میں زلزلہ، وزیرا عظم سمیت دیگر معروف شخصیات کا اظہارِ افسوس

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بلوچستان میں زلزلہ، وزیرا عظم سمیت دیگر معروف شخصیات کا اظہارِ افسوس
بلوچستان میں زلزلہ، وزیرا عظم سمیت دیگر معروف شخصیات کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر مشہورومعروف شخصیات اور وفاقی وزراء نے بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار اور متاثرہ افراد سے ان کے پیاروں کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں زلزلے پر ایمرجنسی بنیادوں پر متاثرہ لوگوں کی فوری امداد کی ہدایت کی ہے۔

پیغام کے مطابق وزیر اعظم نے بلوچستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کی بر وقت مدد کی جاسکے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میری ہمدردیاں، دعائیں اور تعزیت زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے ہے جن کے پیاروں کا زلزلے میں جانی نقصان ہوا یا وہ اِس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔ 

قبل ازیں وزیر اعظم آفس کو زلزلے سے متاثرہ افراد کی تفصیلات اور جانی و مالی نقصان سے متعلق ابتدائی رپورٹ موصول ہوئی جس پر عوام کی فوری امداد کا حکم دیا گیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

زلزلے سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کی دعا اور تعزیت کا اظہار کیا۔

قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت امدادی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے شدید زخمی ہوجانے والے افراد کو ملک کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو امدادی سرگرمیوں کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

بلوچستان میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے مطالبہ کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے، آسمانی آفت پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں گے۔

وزیرِ ریلوے اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ آزمائش کی اِس گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ زخمیوں کو سہولیات اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

صوبہ بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ جام کمال سمیت دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی واقعے پر انتہائی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

رات گئے بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب، سبی، ہرنائی، لورالائی، دکی، پشین، قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، 20افراد جاں بحق

Related Posts